کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تحت خراسان تا نمائش چورنگی احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گی ،ریلی سے مولانا باقر زیدی مولانا صادق جعفری ،مولانا مولانا منہال بنگش ۔ حیات عباس ۔علامہ مبشر حسن مولانا ملک عباس جبکہ پارچنار سے آغا تجمل عباس نے ٹیلفونک خطاب کیا،رہنماوں نے کہا کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار ہیں، علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشی عناصر ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں،ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ضلع کرم کے باسیوں کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کیا جا رہا ہے، ضلع کرم میں بدترین فساد برپا کرنے کی جو چال چلی جا رہی اس کے نتائج انتہائی بھیانک ثابت ہو سکتے ہیں،رہنماوں نے کہا کہ ضلع کرم کے بابصیرت و دانش مند عوام ملک دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں وہ دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ ہے کہ وہ ملک کے حساس ترین خطے میں اس خونی کھیل کو روکیں، اگر کسی غفلت کا مظاہرہ کیا تو اس فتنے کو روکنے کے لئے ملک بھر سے پاراچنار کی طرف امن مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔