اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے سے ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو گا، 10 لاکھ طلباء کو میرٹ پر ٹیبلٹس اورا سمارٹ فونز دینگے، نوجوانوں کو وسائل مہیا کرنے سےترقی و خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو گا، پاکستان کی اقتصادی بحالی منصوبے کا جلد اعلان کرونگا، ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھناملک کی تقدید بدلنا ہے،، ہواوے کے تعاون سے 3 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا، ایس ایم ایز کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے،پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے منصوبے کا جلد اعلان کروں گا،ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنا ہے اور ملک کی تقدیر بدلنا ہے، ہماری محنت کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس کے سیکرٹریٹ، ڈیجیٹل لرننگ پورٹل، گرین یوتھ موومنٹ، اے آئی فار یوتھ اور قومی رضاکار کور کے اجراء کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، ان نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے، مصنوعی ذہانت دنیا میں سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے، چین دنیا کا دوسرا بڑا ترقی یافتہ ملک ہے، انہوں نے جدید علوم کے ذریعے ملک میں انقلاب برپا کیا، اگر ہم اسی راستے پر نوجوان نسل کو وسائل فراہم کریں تو ملک میں نوجوان نسل خوشحالی کا ایسا انقلاب لائے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہونگے، نوجوانوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، 77 سال میں قرضوں کے پہاڑ بن گئے، امیر اور غریب کی زندگیوں میں بڑا فرق ہے، ہمیں اپنے مصمم ارادے اور محنت سے آگے بڑھنا ہو گا، یہ نوجوان وسائل ملنے پر ملک کو عظیم بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ارشد ندیم نے پاکستان کا نام بلند کیا، مایوسی کو پس پشت ڈال کر روشنیوں کی طرف جانا ہے، شبانہ روز محنت سے پاکستان عظیم بنے گا۔ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آن لائن رجسٹریشن کرا کر قومی رضاکار کور کے رکن بن گئے، وزیراعظم کو قومی رضاکار کور کا بیج بھی لگایا گیا۔