• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیگر ممالک کو پاکستان کے اندرونی امور پر بیان دینے کی ضرورت نہیں: ترجمان دفترِ خارجہ

دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ—فائل فوٹو
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ—فائل فوٹو

دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی حکومت کےایسے ردِعمل کو خوش آمدید نہیں کہتے جو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہو، دیگر ممالک کو پاکستان کے اندرونی امور پر بیان دینے کی ضرورت نہیں، غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔

اسلام آباد میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کا باہمی سیاسی مشاورت کا 7 واں دور گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فریقین نے پاک ترک اسٹریٹجک فریم ورک کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان الاقصیٰ مسجد کی توہین کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، غزہ میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جواب دہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ڈوڈا میں 4 کشمیریوں کے قتل کی بھی مذمت کرتا ہے، اقوامِ متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ایس سی او کے پروسیجرز مخصوص ہیں، ہم ایس سی او میں شرکت کے لیے ممالک کی تصدیق وصول کر رہے ہیں، فی الحال ایس سی او میں شرکت کی تصدیق کرنے والے ممالک کا نام دینے کی پوزیشن میں نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے زائرین کے انتظامات سے متعلق عراقی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ہم نے منکی پاکس پر عالمی ادارۂ صحت کی ایڈوائزری دیکھی ہے، وزارتِ قومی صحت ہی اس ایڈوائزری سے متعلق باقاعدہ ردِعمل دے سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے فعال سفارتی مشنز موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تیز رفتار رابطے موجود ہیں، قومی اسمبلی وسینیٹ سیکریٹریٹ حکام کے لیےویزاگائیڈ لائنز میں تبدیلی کی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ یہ اقدام ویزا پالیسی کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا گیا، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہانِ مملکت کونسل کا چیئر ہے، ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والی حکومتوں کی جانب سے شرکت کی یقین دہانی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں تابکاری مواد کی غیر قانونی چوری میں ملوث گینگ کی گرفتاری پر ردِعمل جاری کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے تواتر کے ساتھ فتنۂ خوارج اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانوں کا معاملہ اٹھایا، افغانستان کے ساتھ یہ بات اٹھائی گئی تاکہ پاکستان میں دہشت گردی بند ہو،گزشتہ کئی مہینوں میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید