دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کے واقعات میں جان گنوا دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے عالمی دن پر اسلام آباد سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کا شکار ہونے والوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ پاکستان اظہار یکجتی کرتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی ہر قسم کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سے جنگ میں جانوں کے نذرانے دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارے ان شہدا کی قربانیاں کبھی بھی بھلائی نہیں جائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ اس دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے بھارتی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی غاصبانہ قبضے اور بربریت میں ہزاروں کشمیری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
دفتر خارجہ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی سفارتی، سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی کشمیر میں جاری دہشتگردی پر آواز اٹھانی چاہیے۔