پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو اہل پاکستان بانی پی ٹی آئی سے اپنی محبت دکھائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کےلیے رابطہ کمیٹی بنائی گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اے پی سی کرکے مسائل کا حل نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے اجلاس میں بلوچستان کے ایشو پر غور کیا گیا، آئین میں ترمیم کی بات سے عوام میں تشویش پیدا ہورہی ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ آئین میں یہ ترمیم نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر کو اٹل ہے کہ جلسہ ہوگا، اس دن پاکستان کے عوام بانی پی ٹی آئی سے اپنی محبت دکھائیں گے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے، جس کا میں بھی ممبر ہوں، ہم نے پاکستان کو بچانا ہے اور رول آف لاء کو لانا ہے۔