اسلام آباد(نمائندہ جنگ) برمنگھم میں جنر ل باجوہ کے بھائی کی PIAمیں ملازمت،مراعات کیساتھ ختم ، ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال جاوید باجوہ کو ایف اے کے جعلی سرٹیفیکٹ کے الزام پر تحقیقات کا سامنا ، استعفیٰ لے لیا گیا ،برطانیہ کے شہر برمنگھم میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال جاوید باجوہ سے استعفیٰ لے لیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بھائی کو ایف اے کے جعلی سرٹیفیکٹ کے الزام پر تحقیقات کا سامنا تھا۔ان ذرائع کے مطابق برمنگھم میں تعینات پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال جاوید باجوہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور بورڈ سے ایف اے کا سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہونے پر اقبال جاوید باجوہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اقبال جاوید باجوہ کو عہدے سے مستعفی ہونے کو کہا گیا تھا، اقبال جاوید باجوہ کو 30جولائی کو پی آئی اے کے فنانس منیجر برمنگھم کے ذریعے شوکاز دیاگیا تھا۔ذرائع کے مطابق اقبال جاوید باجوہ نے 1977 میں پی آئی اے راولپنڈی آفس میں ملازمت حاصل کی، اقبال جاوید باجوہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے بھائی ہیں۔