لاہور(نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین طویل عرصے بعد پارٹی کے مرکزی آفس مسلم لیگ ہاؤس پہنچ گئے، جہاں انکا استقبال ہار پہناکر اور گلدستے پیش کرکے کیا گیا، انکے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ پارٹی ارکان نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی اور انکی صحت کیلئے دعا کی۔ چودھری شجاعت حسین نے پارٹی کے ناراض دوستوں کو منانے کیلئے کمیٹی بنادی ہے۔چودھری شجاعت تنظیمی امور کی خود نگرانی کریں گے، انہوں نے تمام فیصلے پارٹی ممبرز کی مشاورت سے کرنیکا اعلان کیا۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سیاست خدمت کا نام ہے، اسے منافقت، نفرت اور بدتمیزی کی وجہ سے گالی بنادیا گیا ہے۔