سوئٹ لائم جسے عام طور پر موسمی، مٹھا یا میٹھا بھی کہا جاتا ہے، یہ ترش پھلوں میں سب سے میٹھا پھل ہوتا ہے۔
لیموں، موسمی، کینو، چکوترہ اور اس قبیلے کے نہ جانے کتنے ہی رس دار پھل ہیں، جو ’وٹامن سی‘ کی وافر مقدار اور بیماریوں کے خلاف لڑنے کی جسمانی صلاحیت کو بہتر بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں لیکن ان رس دار پھلوں میں اور بھی بہت کچھ ہے، جو ہماری صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔
موسمی جیسے رس دار پھلوں میں صحت بخش فائبر کی اچھی خاصی مقدار ہوتی ہے۔
یہ فائبر ایک طرف ہاضمہ درست رکھتا ہے تو دوسری جانب خون میں مضر کولیسٹرول اور گلوکوز کی مقدار بھی کنٹرول کرتا ہے۔
رس دار پھل کھانے کی صورت میں اس کا وہ فائبر بھی معدے میں پہنچتا ہے، جو ہضم نہیں ہوتا اور دیر تک پیٹ میں موجود رہتا ہے، اس کی وجہ سے دیر تک شکم سیری کا احساس رہتا ہے اور یوں وزن قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
موسمی میں پائے جانے والے اہم اجزا جِلد کی بہت سی خرابیاں دور کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
موسمی میں کافی مقدار میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور اس میں موجود سِٹرک ایسڈ ایک زبردست کلینزنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔
آپ موسمی کے 2 ٹکڑے کریں اور ایک حصے کو آرام سے اپنے گال پر گول گول گھما کر رگڑیں، یہ عمل 7 سے 8 منٹ تک دہرائیں اور پھر پانی سے منہ دھولیں، چہرے کو تولیے کی مدد سے خشک کر لیں، آپ اپنے چہرے پر تازگی محسو س کریں گی۔
اگر گرمی کی وجہ سے چہرے کا رنگ و رُوپ متاثر ہو رہا ہے تو موسمی کا فیس پیک اس مسئلے کو زبردست طریقے سے حل کر سکتا ہے۔
موسمی کے چھلکوں کو پیس لیں، پھر اس میں 1 چٹکی ہلدی اور 1 چمچ شہد ملا لیں، تینوں اجزاء کو اس قدر ملائیں کہ ایک عمدہ پیسٹ بن جائے اور پورا آمیزہ ہموار ہو جائے۔
اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر 5 منٹ تک انتظار کریں، پھر پانی کے چھینٹے مار کر اسے صاف کر لیں، اس عمل کو ہفتے میں 2 بار دہرائیں، سن برن اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔
آنکھوں کے گرد حلقوں یا ان کے گرد سرخ نشانات سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی موسمی بہت آزمودہ ہے۔
موسمی سے تیار کردہ پیسٹ آنکھوں کے گرد لگائیں، پھر نتیجہ دیکھیں، اس کے لیے مندرجہ ذیل اجزاء درکار ہوں گے۔
موسمی کا جوس: 1/2 کھانے کا چمچ، کیلے کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ، کھیرے کا جوس: 1 کھانے کا چمچ، وٹامن ای جیل: 1 کھانے کا چمچ، ان چاروں اجزاء کو ایک پیالے میں ایسے مکس کریں کہ ایک ہموار آمیزہ بن جائے، اس پیسٹ کو 3 سے 4 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
پھر اس کو روئی یا کاٹن پیڈ کی مدد سے اپنے آنکھوں کے نیچے لگائیں اور 10 سے 12 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، کچھ سیکنڈز مساج کرنے کے بعد اسے پانی سے دھو لیں۔
گھر میں بنایا گیا یہ پیسٹ بآسانی آنکھوں کے حلقوں کو ٹھیک کر کے جِلد کو نئی چمک دیتا ہے۔
1- موسمی زود ہضم اور طاقت بخش پھل ہے۔
2- یہ خون پیدا کرتا ہے۔
3- ملیریا، بخار، سل اور تپ دق میں بے حد مفید ہے۔
4- موسمی میں 80 فیصد پانی ہوتا ہے، اس میں معقول مقدار میں گوشت بنانے والے روغنی اور نشاستے دار اجزاء کے ساتھ ساتھ سوڈیئم، فاسفورس اور پوٹاشیئم کی آمیزش ہوتی ہے۔