اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ تنازع پر چین گہری تشویش میں مبتلا ہے۔
چینی مندوب نے سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
چینی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا لبنان میں داخل ہونا لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔
فریق ممالک اشتعال انگیز بیان بازی سے اجتناب کریں، فریقین خصوصاً اسرائیل تحمل کا مظاہرہ کرے اور اسرائیل تنازع بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے۔
اس سے قبل اجلاس میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کی ایران کو بھاری قیمت چکانی ہوگی، ایران کو ایسے نتائج کا سامنا ہوگا جو اس کے تصور سے بھی باہر ہوں گے۔
اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی مندوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران تمام مہذب قوموں اور اپنی ہی عوام کا دشمن ہے۔
اسرائیلی مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔
اس موقع پر ایرانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل خطے کو ناقابل بیان تباہی کے دہانے پر دھکیل رہا ہے، کشیدگی میں اضافہ روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگ بند کرے۔
ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی گزشتہ دو ماہ سے جاری اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں خطے میں توازن اور روک تھام کے لیے ایران کے میزائل حملے ضروری تھے۔
ایران نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ہر اشتعال انگیزی کے نتائج بھگتنا ہوں گے، ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کے جنگی جرائم کو رُکوائے۔