کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ اہل کراچی جماعت اسلامی کے تحت 6اکتوبر کو 3بجے سہ پہر ”الاقصی ملین مارچ“میں اپنی فیملی کے ہمراہ شارع فیصل پہنچیں اور بھر پور شرکت کریں ، ہم اہل غزہ و فلسطین اور لبنان کے لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ثابت کردیا ہے کہ جنگیں ایمان اور جذبہ جہاد سے لڑی جاتی ہیں، عوام 7اکتوبر کو 12بجے دن سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں،مغرب اور انسانی حقوق کی بات کرنے والی تنظیمیں اوراقوام متحدہ غزہ میں انسانی نسل کشی پر خاموش کیوں ہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو جماعت اسلامی کے تحت غزہ پر اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی وجارحیت کے ایک سال پورے ہونے، لبنان پر حملے اور اہل غزہ وفلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 6اکتوبر کو ہونے والے عظیم الشان وتاریخی ”الاقصی ملین مارچ“کے سلسلے میں قائم مرکزی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، منعم ظفر خان نے شہریوں کو ”الاقصیٰ ملین مارچ“ میں شرکت کی دعوت دی اور ہینڈبلز تقسیم کیے، اس موقع پر نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے،علاوہ ازیں منعم ظفر خان کی قیادت میں وفد نے مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی دفتر میں کراچی کے صدر علامہ صادق حسین جعفری سے ملاقات کی اور الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی،علامہ صادق جعفری نے ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کروائی،دریں اثناء ”الاقصی ملین مارچ“کے سلسلے میں جمہ کو شہر بھر میں بڑی شاہراہوں،چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر 100سے زائد کیمپ قائم کردیے گئے،کیمپوں پر اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم وجارحیت کے حوالے سے دستاویزی فلمیں، نظموں اور ترانوں کے علاوہ شہریوں میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے، کیمپ ہفتہ 5اکتوبر بھی لگے رہیں گے۔