• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل و امریکا سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، حافظ نعیم


امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر اہلفلسطین سے اظہار یکجہتی کےلیے جماعت اسلامی کا کراچی میں الاقصیٰ ملین مارچ ہوا۔

الاقصیٰ ملین مارچ سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے براہ راست، ترجمان حماس خالد قدومی نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ اس موقع پر پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بھی خطاب کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور امریکا سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، امریکا اسرائیل کی پشت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی الیکشن میں امن کے بجائے صہیونیت کو تقویت دینے کی بات ہو رہی ہے، آج دونوں صدارتی امیدواران امن کی بات نہیں جنگ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اسرائیل لبنان کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے، حماس ایک طاقت ہے جس کو 2006 میں مینڈیٹ ملا تھا لیکن امریکا کو پسند نہیں تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو سلام پیش کر رہے جو اسرائیل کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، اگر کوئی نہیں سن رہا ہے تو یاد رکھو کہ یہ کسی کو نہیں چھوڑے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کوئی ایک بزرگ ایسا نہیں، کوئی بچہ ایسا نہیں ہے جو کہے کہ ہم ہتھیار ڈال رہے ہیں۔

اس موقع پر خالد قدومی نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان پر مہلک ہتھیار استعمال کیے۔ 50 ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوچکے جبکہ 10 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ دنیا کو عالمی جنگ سے بچانے کےلیے اسرائیل کو روکنا ضروری ہے۔

قومی خبریں سے مزید