پاکستان مسلمُ لیگ ن انٹرنیشنل کے رہنما بیرسٹر امجد ملک پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے وائس چیئرپرسن مقرر کر دیے گئے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے بیرسٹر امجد ملک کی تقرری پر پاکستان مسلم لیگ فرانس کے رہنما سردار ظہور اقبال، صدر میاں محمد حنیف، جنرل سیکریٹری رانا محمود علی خان، یرمین راجہ علی اصغر، سید خالد جمیل، راجہ محمد اشفاق حسین نے انہیں مبارک باد پیش کی اور محترمہ مریم نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جاری بیان میں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں سے ہی ایک متحرک شخصیت کو اس اہم عہدے پر فائز کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر امجد ملک نے پاکستان مسلم لیگ ن کو دنیا بھر کے ممالک میں ناصرف متحرک کیا بلکہ تنظیم سازی کر کے ن لیگ کو بیرونِ ممالک مضبوط اور مستحکم کر کے ایک قوت بنایا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے گزشتہ روز (جمرات کو) بیرسٹر امجد ملک کی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔