اسلام آباد (فاروق اقدس) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر 9سال بعد اسلام آباد میں منعقد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی ایئرفورس کے خصوصی طیارے پر جے شنکر نور خان ائیر بیس پر پہنچے تو وزارت خارجہ کے ڈی جی ساؤتھ ایشیاء الیاس نظامی نے ان کا استقبال کیا اس موقعہ پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کا سینئر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
یاد رہے کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے قبل ازیں وہ سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے پاکستان آچکے ہیں۔
اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی وزیرخارجہ کی مصروفیات صرف ایس سی او اجلاس تک ہی محدود رہیں گی، سائیڈ لائن پر دوطرفہ ملاقاتیں شیڈول نہیں ہیں۔ تاہم، مبصرین کا کہنا ہے کہ ملاقات ہوگی توبات بھی ہوگی کچھ تو نتائج سامنے آئیں گے۔ بھارتی صحافی بھی اس بات کی تصدیق کررہے کہ بھارت کی شرکت صرف ممبرہونے کے باعث ہے۔
علاوہ ازیں سابق پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے پاکستان آنے سے متعلق کہا تھا کہ تعلقات میں خاص فرق نہیں پڑے گا۔