ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں پر پہلا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملوں کا اثر بڑھا چڑھا کر پیش کیا، اسے کم دکھانے کی کوشش بھی غلط ہو گی۔
صہیونی حملوں میں شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونی فوج ہماری طاقت، صلاحیت اور ایرانی قوم کے عزم کو نہیں جانتی۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ہمیں ضرور انہیں سمجھانا ہو گا۔
دوسری جانب ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔
ایران نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسرائیل کو جواب دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے یکم اکتوبر کے حملوں کے مقابلے میں اسرائیل نے ناکام حملے کیے۔