نیویارک کے علاقےمین ہٹن میں مسلمان ٹیکسی ڈرائیور پر نفرت انگیز حملے کے الزام میں خاتون پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 31 جولائی کو پیش آنے والے واقعے میں ملزمہ جینیفر گیلبوٹ نے ڈرائیور کے دعا پڑھنے پر اس پر پیپر اسپرے سے حملہ کیا تھا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق متاثرہ ڈرائیور کی عمر 45 سال ہے جبکہ حملہ کرنے والی خاتون کی عمر 23 سال ہے۔
مقدمے کے دوران ڈسٹرکٹ اٹارنی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے بے حسی سے حملہ کیا جب ڈرائیور اپنا کام کر رہا تھا، متاثرہ شخص ایک محنتی نیویارکر ہے جسے اپنی شناخت کی وجہ سے اس قسم کی نفرت کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے دلائل میں یہ بھی کہا کہ مین ہٹن میں رہنے اور کام کرنے کے لیے ہر کسی کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔