صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم مادرِ وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہارِ افسوس کیا اور دفاعِ وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور دہشت گردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے۔
صدر زرداری نے شہداء کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔