ملتان(سٹاف رپورٹر)دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں سے 42 کروڑ سے زائد مالیت کا 11 ہزار 5سو 51 کنال سرکاری رقبہ واگزار کروایا گیا جبکہ 18 سائلین کو ان کے زیر التواء واجبات کی ادائیگی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں کے نتیجہ میں صوبے بھر سے 11551 کنال سرکاری زمین واگزار کروالی گئی ہے جس کی مجموعی مالیت 42 کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ دفتر محتسب پنجاب نے سرکاری رقبے پر قبضہ اور گزرگاہوں کی بحالی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے پر یہ کارروائی کی محتسب پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ صوبائی محکمہ جات نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اس زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروایا۔ شکایت کنندگان نے سرکاری زمین / گزرگاہوں پر ناجائز قبضہ سے متعلق شکایات درج کرائی تھیں۔ ان درخواستوں کے جواب میں دفتر محتسب پنجاب نے صوبائی محکمہ جات کو فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے نتیجہ میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی 11551 کنال قیمتی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروالی گئی۔ علاوہ ازیں دفتر محتسب پنجاب کی مؤثر کارروائی کے نتیجہ میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2 درخواست گزاران کو ماہانہ مالی امداد کی مد میں 17 لاکھ 12 ہزار روپے، 3 درخواست گزاران کو ان کے زیر التواء واجبات ( ماہانہ گرانٹ اور میرج گرانٹ) کی مد میں 14 لاکھ 26 ہزار روپے جبکہ 13 درخواست گزاران کو زیر التوا تعلیمی وظائف کی مد میں 5 لاکھ 62 ہزار روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔