جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کر نے کے حامی نہیں، گورنر راج نہیں لگ سکتا، ایسےحالات نہیں، کسی پارٹی پر پابندی لگانے کے حق میں نہیں ہیں۔
رحیم یار خان سے خان پور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا پتا نہیں لیکن جو کچھ اسلام آباد میں ہوا، اچھا نہیں ہوا، میں مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں گورنر راج نافذ کرنے کا حامی نہیں ہوں، صوبے میں گورنر راج نہیں لگ سکتا، ایسے حالات نہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی، کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی عائد نہیں ہونی چاہیے، نجومی نہیں کہ بتادوں حکومت کتنی دیر تک چلے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب ٹرمپ چلائے گا انا ﷲ وانا الیہ راجعون، ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کو آزاد کرائیں گے، توبہ توبہ۔