لاہور(نمائندہ جنگ)فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں شاندار خدمات پر فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی خیر سگالی سفیر مقرر کر دیا گیا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فیشن ڈیزائننگ میں معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے سکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چھٹہ، ایڈیشنل ڈی جی پی ایس ڈی اے اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی خدمات کو سراہا گیا اور ان سے استفادہ کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے جامع سکل ڈویلپمنٹ پالیسی دی گئی ہے۔ سرکاری سکولوں میں آئندہ سال سے میٹرک ٹیک سکیم شروع کی جارہی ہے۔میٹرک ٹیک میں فیشن ڈیزائننگ، ایگرکلچر سائنس، ہیلتھ سائنس اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین شامل ہوں گے۔