لیبیا میں شادی کی ایک تقریب میں پالتو شیر نے متعدد مہمانوں پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے مہمانوں میں شامل ایک شخص اپنے پالتو شیر کو بھی لے کر شادی ہال پہنچ گیا۔
شیر اپنے مالک کے ساتھ ہال میں داخل ہوا تو وہ وہاں اتنے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر گھبرا گیا، مالک نے شیر کو قابو کرنے کی کوشش کی مگر مالک سے زیادہ طاقتور شیر رسی چھڑا کر ہجوم پر لپکا۔
مالک نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس پر قابو پانے کی کوشش کی مگر شیر نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ شیر کے مالک نے اس کے سر پر مخصوص طریقے سے چابک کا دستہ مارا جس پر وہ مزید غصے میں آگیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کردیا۔
شیر کے نوکیلے و طاقتور پنجوں کی زد میں آکر متعدد مہمان شدید زخمی ہوگئے۔ اسی اثنا میں مالک نے اپنے ڈرائیور اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شیر پر دوبارہ قابو پانے کی کوشش کی مگر وہ بھاگتا ہوا شادی ہال سے باہر نکل گیا۔