فلموں کے نامور ناقد اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کمال آر خان المعروف کے آر کے نے کپل شرما کی جانب سے انکے گھر پر ہنگامہ آرائی کا قصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت کپل شرما نشے کی حالت میں تھے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں میکا سنگھ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ کپل شرما نے کمال آر خان کے گھر ہنگامہ کیا تھا۔
اس سلسلے میں کے آر کے نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کامیڈین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ کپل اور میکا نشے کی حالت میں ان کے ممبئی والے گھر پہنچے اور جب انہیں گھر کے اندر جانے سے روکا گیا تو سیکیورٹی اہلکار نے انہیں تھپڑ ماردیا تھا۔
کمال آر خان کا کہنا تھا کہ ’میکا سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وہ اور کپل شرما میرے ممبئی والے گھر آئے اور بدتمیزی کی، آپ سب اس واقعے کو گوگل کر سکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دونوں اُس رات نشے میں تھے وہ میرے گھر آئے اور سیکیورٹی گارڈ سے کہا کہ دونوں مجھ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن گارڈ نے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ تو وہ میرے گھر کے نیچے تصویریں کھنچوانے لگے اور اصرار کرنے لگے کہ مجھ سے ملیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’وہ دونوں نشے میں تھے اور وہاں سے جانے سے انکار کر رہے تھے اس لیے میرے سیکیورٹی گارڈز کو انہیں تھپڑ مارنا پڑا۔ انہیں باہر نکال دیا گیا اور اُس رات کپل نے کچھ ٹوئٹس کیے جب میں نے صبح وہ ٹوئٹس دیکھے تو میں نے ان پر ردعمل دیا تھا۔‘
کے آر کے نے مزید دعویٰ کیا کہ اگلے دن میکا نے ان سے معافی مانگی۔ انکا کہنا تھا کہ ’میکا اور میں ہمسائے ہیں، تو اگلے دن میں ان کے گھر گیا اور انہیں وارننگ دی کہ آئندہ ایسا نہ کریں۔ بعد میں انہوں نے معافی مانگی۔‘
خیال رہے کہ حال ہی میں میکا سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ کے آر کے ان کے دبئی کے پڑوسی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کپل شرما کے آر کے سے اس قدر ناراض تھے کہ وہ ان کے گھر ہنگامہ کرنے پہنچ گئے۔
میکا کا کہنا تھا کہ ’یہ 13-2012 کے آس پاس کا واقعہ ہے۔ کپل کے آر کے سے بہت ناراض تھے۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ کے آر کے میرا پڑوسی ہے، تو اس نے کہا کہ وہ ان کے گھر جاکر کے آر کے کو مارنا چاہتے ہیں۔‘
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے میکا سنگھ نے کہا، ’میں نے ان سے درخواست کی کہ ایسا نہ کریں۔ بہرحال، ہم رات چار یا پانچ بجے کے قریب ان کے گھر گئے تو کے آر کے گھر پر نہیں تھے، ان کا اسٹاف ممبر گھر سے باہر آیا تھا۔ میں نے کپل سے کہا کہ بس یہی ہے، تو کپل نے ان کے گھر کے شیشے توڑ دیے اور ہنگامہ کیا۔‘
واضح رہے کہ یہ اس وقت کا واقعہ ہے جب کے آر کے اور کپل شرما کے درمیان سرد مہری جاری تھی۔