لوٹن (نمائندہ جنگ) مدینہ مسجد یوکے اسلامک مشن لوٹن کے انتخابات میں شعیب تابانی کو لوٹن کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔ شعیب تابانی نے نئے صدر کا حلف اٹھایا ، عاصم الدین یوکے اسلامک مشن ساوتھ زون برطانیہ کے صدر نے الیکشن کرایا اور حلف بھی لیا۔ نومنتخب صدر شعیب تابانی نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ ہم پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم نوجوان نسل کو کیسے کمیونٹی کے کاموں میں فعال طور پر شامل کریں اور انھیں اسلامی علوم کیسے سکھائے جائیں، ہمارے پاس مسجد کی توسیع کا منصوبہ ہے جس کے چند ماہ بعد شروع ہونے کی امید ہے ، ہم لوٹن فوڈ بینک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ لوٹن کری کچن کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔ مدینہ مسجد کے سبکدوش ہونے والے خطیب علامہ محمد اقبال اعوان، یوکے اسلامک مشن کے برطانیہ کے صدر برادر ریاض ولی، تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف، اقدس مغل، شوکت بٹ ، ندیم تابانی اور دیگر نے شعیب تابانی کو اہم ذمہ داری ملنے کا خیر مقدم کیا ہے۔