• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: شادی سے لوٹنے والے افراد کی گاڑیوں پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق


پشاور کے علاقے تہکال میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ورسک مختیار خان نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تہکال کے قریب دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک فریق کے لوگ شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔

مختیار خان نے کہا کہ دوسرا فریق تاک میں پہلے سے موجود تھا، دونوں فریقین کا سامنا ہوا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

ایس پی کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی، مرنے والوں کی عمریں 20 سال سے 50 سال کے درمیان ہیں، گھات میں بیٹھے مخالفین نے کئی گاڑیوں پر فائرنگ کی، زخمیوں میں بلدیاتی نمائندہ بھی شامل ہے۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) قاسم شاہ  کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی فریق سے ہے،  زخمیوں میں مقامی سماجی تنظیم کا سربراہ بلال خلیل شامل ہے، ملزمان کا بنیادی ٹارگٹ بلال خلیل تھا۔

 سی سی پی او قاسم شاہ نے کہا کہ فریقین کا ایک پلازے پر تنازع چلا آرہا تھا، ستمبر 2024 میں فریقین میں فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید