کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے تعلیمی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن(IBCC) اور آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (AKU-EB) نے 13جنوری 2025کو ایک مفاہمتی یادداشت (MoU)پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ ملک بھر میں امتحانات اور تشخیص کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جدید تشخیصی طریقوں کا تعارف کرانا اور قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق امتحانات کے معیار کو بلند کرنا ہے۔ یہ معاہدہ ایک تقریب کے دوران طے پایا، جس کی صدارت آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح اور اے کے یو ای بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نوید یوسف نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید یوسف نے آئی بی سی سی کے وفد کو خوش آمدید کہا اور اس تعاون کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔