مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بہت فرسٹریٹڈ ہیں، 2 سال جیل کاٹنے والے کے لیے فرسٹریٹڈ ہونا غیر معمولی بات نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں انجینئر محمد علی مرزا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے اندر کی تفصیلات بتادیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں محل جیسی سہولیات حاصل نہیں، مگر انھیں باہر کی خبروں تک رسائی حاصل ہے، 2 اخبار ملے ہوئے ہیں۔
مذہبی اسکالر نے مزید کہا کہ عمران خان کے کمرے میں ایل ای ڈی بھی لگی ہوئی ہے، رہنے کے لیے 6 چکیاں بھی ملی ہوئی ہیں، جن میں سے 5 ان کے اپنے استعمال میں ہیں، چھٹی چکی میں ان کا مشقتی رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی دن میں 2 بار اپنی چکی سے باہر آتے تھے، صبح 9 بجے ناشتے کے لیے اور دوپہر 3 بجے دوپہر کے کھانے کے لیے، اُن کا مشقتی دیسی گھی کے تڑکے لگاتا تھا، جس کی خوشبو ہمیں بھی آتی تھی۔
انجینئر محمد علی مرزا نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب غصّے میں آتے تو بہت اُونچی آواز میں اور مسلسل بولتے، وہ جیل میں بہت فرسٹریٹڈ ہیں، 2 سال جیل کاٹنے والے کے لیے فرسٹریٹڈ ہونا غیر معمولی بات نہیں۔