بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے گھر ڈکیتی کی کوشش کے دوران ان کے شوہر، اداکار سیف علی خان زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رات 2 بج کر 30 منٹ پر ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اداکار کے گھر چور گھسنے میں کامیاب ہو گیا تھا جہاں اس کا سامنا سیف علی خان سے ہوا اور اسی دوران مزاحمت پر ان پر چھری سے کئی حملے کیے گئے۔
ڈکیتی مزاحمت پر سیف علی خان زخمی ہوئے جنہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا اور لوگ سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے سیف علی خان اور کرینہ کپور کے لیے پریشان دکھائی دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سارے واقعے کے وقت اداکارہ کرینہ کپور گھر پر موجود نہیں تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور شام سے ہی اپنی بہن کرشمہ کپور اور دیگر دوستوں کے ساتھ موجود تھیں۔
اس حوالے سے کرشمہ کپور نے سوشل میڈیا پر تصویر بھی شیئر کی تھی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کرینہ کپور اپنے گھر پر موجود نہیں تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کے گھر پر پیش آئے واقعے کی پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کر لی ہیں جن کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔