• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: بیوی کے تشدد سے تنگ آکر شوہر نے خودکشی کرلی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر ہبلی میں ایک شخص نے بیوی کے تشدد سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیٹر نامی ایک شخص  کی لاش کے پاس سے ایک تحریری نوٹ بھی ملا ہے جس میں اس نے اپنے اوپر بیوی کے تشدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے، پیٹر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس کے پچھلے تین ماہ سے اپنی بیوی کے ساتھ اختلافات چل رہے تھے۔

پیٹر نے اپنے والد کے نام نوٹ میں لکھا کہ "ڈیڈی، مجھے معاف کردیں، میری بیوی پنکی مجھے مار رہی ہے، وہ میری موت چاہتی ہے اور میں اس کے  تشدد کی وجہ سے مر رہا ہوں۔

خودکشی کرنے والے شخص کے بھائی جوئیل نے میڈیا کو بتایا کہ اتوار کے روز دوپہر 12:30 بجے چرچ سے واپس آنے کے بعد اہل خانہ کو پیٹر کی لاش ملی۔

جوئیل نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان ازدواجی مسائل چل رہے تھے، ان کی شادی کو دو سال ہو چکے ہیں۔ پچھلے تین ماہ سے ان کے درمیان مسائل چل رہے تھے، جبکہ عدالت میں بھی کیس چل رہا تھا۔

پیٹر کے والد نے دعویٰ کیا کہ ان کا بیٹا اپنی بیوی کے رویے اور اس کے خاندان کے مطالبات کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا، میرا بیٹا اپنی بیوی کے تشدد کی وجہ سے دنیا سے چلا گیا، اس نے ایک خط لکھا جس میں یہی بات بیان کی۔ 

انہوں نے کہا کہ پولیس نے وہ خط اپنے قبضے میں لے لیا ہے، پیٹر کی بیوی اکثر گھر چھوڑ کر اپنی ماں کے پاس رہنے چلی جاتی تھی اور میرے بیٹے سے کہتی تھی کہ اگر تم مر بھی جاؤ تو بھی میں واپس نہیں آؤں گی، اس کے بھائی نے طلاق کے کیس میں 20 لاکھ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔

پیٹر کے والد نے یہ بھی الزام لگایا کہ بیوی کے ساتھ دفتر میں ہونے والے جھگڑے کے بعد پیٹر اپنی نوکری سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا تھا، جس کی وجہ سے اسے نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید