نئی دہلی ایئر پورٹ کی چھت کا ایک حصہ گر گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (آئی جی آئی) کے ٹرمینل ایک کی چھت اس وقت گر گئی جب نئی دہلی میں شدید گرج چمک اور موسلادھار بارش کا آغاز ہوا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نئی دہلی ایئر پورٹ کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہو کر گر جاتا ہے اور اس حصے سے پانی بہنے لگتا ہے۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔ اس واقعے میں ایئر پورٹ کی عمارت کو نقصان نہیں پہنچا بلکہ جو حصہ منہدم ہوا ہے وہ کپڑے سے تیار کردہ تھا جس کے گرنے سے جھت پر جمع ہونے والے پانی کو بہنے کے لیے راستہ ملا ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش میں صرف دہلی ایئر پورٹ ہی نہیں بلکہ ممبئی کے نئے افتتاح شدہ میٹرو اسٹیشن میں بھی پانی بھر گیا اور اس کی چھت سے بھی رساؤ شروع ہوگیا تھا۔