لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے پوری قوم کا متفقہ قومی ایکشن پلان بنانا ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے بُنیانُُ مَّرصُوص جیسا قومی اتفاقِ رائے اور کامل اعتماد کا پیدا کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ ماضی کی غلطیاں، دشمن قوتوں کی منظم ٹارگیٹڈ سرگرمیاں اور سنسنی خیز پروپیگنڈہ قومی وحدت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ میرعلی وزیرستان کا سانحہ معمہ بنا ہُوا ہے، تحقیقات اور تمام حقائق پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ قومی وحدت اور افواجِ پاکستان کے دلیرانہ اقدام نے انڈیا کو شکست کی دھول چٹادی۔ انڈیا پاکستان کے خلاف ہر حربہ استعمال کرے گا، اِسی لیے چوکنا رہنا اور قومی وحدت میں دراڑ نہ آنے دینا حکومت اور افواجِ پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ لیاقت بلوچ نے ملتان میں مِلی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کی دفاعِ پاکستان آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کیا، جماعتِ اسلامی جنوبی پنجاب کے سابق امیر راؤ محمد ظفر کی عیادت کی اور منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے حل کے لیے اتحادِ اُمت ناگزیر ہے۔