• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان اور ایشوریا نے شادی کیوں نہیں کی؟ رشتے میں دراڑ کیوں آئی؟ بھارتی صحافی نے بتادیا

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

بالی ووڈ اسٹار ایشوریا رائے اور سلمان خان 1999ء میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے موقع پر ایک دوسرے کے قریب آئے، لیکن ان کا تعلق 2002ء میں اختتام کو پہنچ گیا۔

1999ء کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد سلمان خان اور ایشوریا رائے کے مبینہ رومانس پر سالوں سے چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔

اگرچہ ان دونوں نے کبھی کھل کر اس بارے میں بات نہیں کی، لیکن اب ایک بھارتی صحافی سامنے آیا ہے جس نے سلمان اور ایشوریا کے رشتے پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی علیحدگی کی وجہ کیا بنی؟

ایک پوڈکاسٹ کے ایک ایپی سوڈ ’بالی ووڈ کی مشہور متنازع محبت کی کہانیاں‘ میں صحافی حنیف زویری نے ایشوریا رائے اور سلمان خان کے مبینہ رومانس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان اور ایشوریا ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور سنجیدہ تھے، دونوں چاہتے تھے کہ یہ رشتہ آگے بڑھے لیکن سلمان کا نام دیگر اداکاراؤں جیسے سومی علی اور سنگیتا بجلانی کے ساتھ جڑا رہتا تھا، جو ان کی سابق گرل فرینڈز تھیں، اس وجہ سے ایشوریا کے والدین سلمان سے خوش نہیں تھے، اُنہیں شک تھا کہ کہیں سلمان ان کی بیٹی کے ساتھ صرف فلرٹ تو نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ سلمان خان چاہتے تھے کہ ایشوریا جلد از جلد ان سے شادی کر لیں، لیکن ایشوریا اُس وقت اپنے کیریئر کے اس مقام پر تھیں کہ وہ شادی کر کے سیٹل نہیں ہونا چاہتی تھیں، اسی وجہ سے ان دونوں کے رشتے میں دراڑ آ گئی۔

صحافی نے بتایا کہ ایک بار سلمان خان نے رات میں ایشوریا رائے کے گھر کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا اور کافی ڈرامہ کیا، جس کی شکایت پڑوسیوں نے بھی کی، یہ سب دیکھ کر ایشوریا رائے نے خود ہی رشتہ ختم کر دیا۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور سلمان خان کا مبینہ تعلق 1999ء میں ’ہم دل دے چکے صنم‘ کی شوٹنگ کے دوران شروع ہوا، لیکن یہ تعلق 2002ء تک ختم ہو گیا۔

ایشوریا رائے نے 2007ء میں اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی، جبکہ سلمان خان آج تک غیر شادی شدہ ہیں۔

دونوں اداکار ایک دوسرے کے بارے میں بات کرنے سے گریز کرتے ہیں، ان کی ایک ساتھ آخری فلم ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ تھی جو 2002ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید