پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹیجک شراکت کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرلیا، دورۂ سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو دورۂ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا، سعودی ولی عہد نے دعوت قبول کرلی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے ظہرانے میں بھی شرکت کی، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی استقبال کیا، خود گاڑی چلاکر وزیر اعظم کو ظہرانے میں لے کر آئے۔
ظہرانے میں مشرقِ وسطیٰ کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سعودی سول اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی ،وزیرِ اعظم سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر بھی اللّٰہ رب العزت کا شکر ادا کیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی۔