کراچی (اسد ابن حسن) انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے نو عمر بچوں کو بیرون ملک اسمگل کرنے والے سات رکنی گروہ جس میں ایک ڈاکٹر سمیت پانچ خواتین کیخلاف مقدمہ درج کر کے تین خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں کرن سہیل، یاسمین موانی، ڈاکٹر ممتاز نایانی اور سہیل شامل ہیں۔ مفرور ملزمان میں حمیدہ، سہیل اور ڈاکٹر لبنی صدیقی شامل ہیں۔ ایف ائی ار نمبر 191/25 میں تفتیشی افسر نے تحریر کیا ہے کہ ایئرپورٹ امیگریشن عملے نے موزمبیق جانے والی فلائٹ پر کرن نامی خاتون، اسکی والدہ اور ایک بچے کو شک کی بنیاد پر روکا اور دوران سخت تفتیش ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے یہ بچہ خریدا ہے اور وہ اسے لیکر اپنے بھائی کے پاس موزمبیق لے جا رہی تھی اور اسکے گروہ میں دو ڈاکٹر بھی شامل ہیں اور اس سے پہلے بھی وہ یہ دھندہ کر چکی ہے۔