اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل کے ایران پر حملہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ایران اور ایرانی قوم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے،اسرائیل بدمست ہاتھی بن کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، واشنگٹن اسرائیلی دہشتگرد کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے۔منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام میں امیر جماعت نے کہا کہ اسرائیل بدمست ہاتھی بن کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ صہیونی افواج کے غزہ میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم جاری ہیں اور اس کے ساتھ ہی اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے پورے خطے میں آگ اور خون کے کھیل کا آغاز کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل بذات خود کچھ بھی نہیں اگر اسے امریکہ کی آشیر باد حاصل نہ ہو، واشنگٹن اسرائیلی دہشت گرد کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے۔