پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ امریکا اپنی طاقت سے اسرائیل کے ذریعے رجیم تبدیل کرواتا ہے۔
لطیف کھوسہ نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریاست کو ان لوگوں نے مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق سے محروم کر دیا ہے، پارلیمنٹ کو بے وقعت کر کے رکھ دیا ہے، کوئی قانون نہیں ہے کوئی آئین نہیں ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے اسے تسلیم نہیں کیا جا رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ طاقت کے بل بوتے پر 26 ویں ترمیم کی گئی وہ بھی سب کے سامنے ہے، عدالتیں بھی آزادی سے فیصلےنہیں کر پا رہیں، ہم جب کہتے تھے کہ رجیم چینج وہاں (امریکا) سے ہوا ہے تو ہمارا مذاق اڑاتے تھے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف کیسز میں کچھ نہیں، سننے کو کوئی تیار نہیں، اسمبلی میں بھی مار کٹائی ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے بغیر بجٹ میں معنی خیز شمولیت نہیں ہوسکتی اور نہ ہی کوئی اور فیصلہ عمران خان کی شراکت کے بغیر ہوسکتا ہے۔