بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ شہید کا جیو نیوز کو دیے گئے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مختصر ویڈیو کلپ میں شہید میجر سید معیز عباس بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری کا قصہ سنارہے ہیں۔
حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں شہید میجر سید معیز عباس نے بتایا کہ کس طرح بھارتی پائلٹ نے انہیں دیکھتے ہی سرینڈر کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے آپریشن ٹائم باؤنڈ ہوتے ہیں، ہماری اولین کوشش تھی کہ جلد از جلد بھارتی پائلٹ کو زندہ پکڑیں کیونکہ اگر یہ مرجاتا تو بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کرتا کہ مقبوضہ کشمیر میں پکڑا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا، ’بھارتی پائلٹ ہجوم کے ہاتھوں لگا تو انہوں نے اسے مارنا شروع کردیا جیسے ہی میں وہاں پہنچا تو اس نے میرا رینک دیکھتے ہی سرنڈر کیا اور کہا کہ کیپٹن میں انڈین ایئرفورس ونگ کمانڈر 27981 ابھینندن ہوں اور میں سرینڈر کرتا ہوں میر جان بچالیں، جس کے بعد ہم نے اسے طبی امداد دی اور گرفتار کر کے وہاں سے لے گئے۔‘
بعدازاں حکومتِ پاکستان نے جذبۂ خیر سگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ ابھینندن کو رہا کرتے ہوئے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو حامد میر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ یہ میجر معیز عباس شاہ ہیں جنہوں نے 2019 میں بھارتی پائلٹ گروپ کیپٹن ابھینندن کی جان ایک مشتعل ہجوم سے بچائی تھی۔ میں نے 2019 میں آزاد جموں و کشمیر میں ان کا انٹرویو کیا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج پاک فوج کے اس بہادر افسر نے جنوبی وزیرستان میں بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہادت کو گلے لگا لیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر سید معیز عباس شاہ شہید کی نمازجنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ، اعلیٰ عسکری و سول حکام نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔