• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین نے امریکی برآمدات پر جوابی محصولات کے نفاذ کو مؤخر کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے امریکی برآمدات پر جوابی محصولات کے نفاذ کو مؤخر کر دیا ہے تاکہ صدر ٹرمپ کی دی گئی یکم اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے کسی ممکنہ تجارتی معاہدے کا موقع حاصل کیا جا سکے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین نے اعلان کیا کہ اگرچہ مذاکرات جاری ہیں، لیکن یورپ جوابی اقدامات کے لیے پوری طرح تیار رہے گا۔یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے یورپی اور میکسیکی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔ اس سے قبل یورپی یونین نے امریکی اسٹیل و ایلومینیم ٹیرف کے جواب میں 26 ارب یورو مالیت کی امریکی برآمدات پر محصول عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اپریل میں ان اقدامات کو 90 دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی قومی مشیر برائے معیشت نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو اب تک پیش کی گئی تجاویز ناکافی لگتی ہیں اور اگر معاہدہ ان کی توقعات پر پورا نہ اترا تو ٹیرف واقعی نافذ کیے جائیں گے۔ یہ تمام صورت حال عالمی تجارتی ماحول کو غیر یقینی کا شکار بنائے ہوئے ہے اور یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ آیا ہم ایک نئی تجارتی جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں یا کوئی چالاک سفارتی چال اپنا رنگ دکھائے گی؟
اہم خبریں سے مزید