• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارشیں،5 افراد جاں بحق، لاہور کے کئی علاقے زیر آب، درجنوں فیڈرز ٹرپ، بجلی گھنٹوں غائب، نظام زندگی متاثر

لاہور / ساہیوال / گجرات (نمائندگان جنگ) لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں 5؍ افراد جاں بحق ہوگئے ، لاہور کے کئی علاقے زیر آب،درجنوں فیڈرز ٹرپ، بجلی گھنٹوں غائب، نظام زندگی متاثر، ہرنائی کا ملک بھر سے رابطہ منقطع، پنجاب میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، ہرنائی میں طوفانی بارش سے ندی نالوں میں سیلاب جبکہ ملک بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،پیر کے روز ہونے والی بارش سے متعدد نشیبی علاقے ڈوب گئے،درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی ، جس سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو گیا،چھتیں،آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ منچن آباد میں شدید بارش سے مدرسہ کی چھت گرگئی، 2طالب علم شہید جبکہ معلم سمیت 12 طلباء شدید زخمی ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر طلباء کو نکالا، افسوسناک واقعہ میں شہید ہونیوالے 8سالہ سلام اور 10سالہ سیف اللہ کا تعلق بہکانوالہ بودلہ اور سید علی سے ہے ، 12 زخمی ہونے والے طلباء کو سول ہسپتال منچن آباد منتقل کردیا گیا۔قصور حویلی نتھو والی میں بارش کی وجہ سے ایک بوسیدہ کمرے کی چھت منہدم ہوگئی جس کی زد میں آکر 42سالہ عمری بی بی جاں بحق، 45سالہ ا فتخار اور 7سالہ منیب زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور کہیں پھوار پڑے گی۔لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور میں گذشتہ روزٹاون شپ، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن،اچھرہ، شمع، قرطبہ چوک، جیل روڈ ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، شالیمار ، باغبانپورہ، چاہ میراں، ہربنس پورہ، مغلپورہ اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ ، جیل روڈ اور فیروز روڈ، شمالی لاہور میں بھی بارش سےکئی فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے بلکہ موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے۔اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا،ادھر ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گلی محلوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔کمالیہ میں موسلادھار بارش سے کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اقبال بازار سمیت متعدد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، ماموں کانجن روڑ کے اطراف سیوریج لائن بری طرح متاثر ہے۔گجرات، حافظ آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوکاڑہ 72 ملی میٹر ساہیوال 66 ڈیرہ غازی خان 51 میانوالی 38 اور بہاولپور میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کوٹ ادو 33گجرانوالہ 30 لیہ 23 اور مری میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی اٹک سیالکوٹ فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ رحیم یار خان ملتان لودھراں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر مغربی جانب کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی نالے بھی تونسہ کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں، تونسہ کے مشرقی علاقے میں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں جبکہ لوگ خوف زدہ ہیں اور کئی خاندان محفوظ مقام کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔ چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ راجن پور ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ ڈیرہ غازی خان وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

اہم خبریں سے مزید