پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فاسٹ بولر حارث رؤف پر آئی سی سی کی جانب سے عائد کیا گیا جرمانہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ناصر حسین شاہ نے لکھا کہ حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان دلیر اور باہمت کھلاڑی ہیں، حارث پر جرمانہ اگر تین سو فیصد بھی لگے تو میں اور پوری قوم اس کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حارث پر عائد ہونے والے جرمانے کی مکمل رقم وہ خود ادا کریں گے۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی حارث رؤف پر لگنے والا جرمانہ اپنی طرف سے ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے وکٹ حاصل کرنے کے بعد اور باؤنڈری پر فیلڈنگ کے دوران بھارتی شائقین کی ہوٹنگ کا جواب جہاز گرنے کے اشارے سے دیا تھا۔
بھارتی بورڈ کی شکایت پر آئی سی سی نے حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دی گئی تھی۔