پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سمیت پوری ٹیم نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل کی پوری فیس رواں سال مئی میں بھارتی بزدلانہ حملے میں متاثر ہونے والے شہریوں کو عطیہ کر دی۔
گزشتہ روز بعدازاں فائنل میچ کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی اور پوری ٹیم کی جانب سے اعلان کیا تھا کہ میچ فیس بھارتی حملے میں نشانہ بننے والے پاکستانی خاندانوں کو عطیہ کر رہے ہیں۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کی تمام فیس 7 مئی بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں، بچوں اور عام شہریوں کے نام کرتی ہے، ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی برقرار رہی اور انہوں نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تاہم محسن نقوی بھی ڈٹ گئے جس پر بھارتی ٹیم کو ٹرافی کے بغیر ہی مایوس ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔