• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی آخری الہامی کتاب ہے، جو اللہ کے آخری نبی، حضرت محمدﷺپر نازل ہوئی۔ اس کتاب کا بنیادی موضوع بنی نوع انسان ہے اور یہ تمام جہانوں کے لیے پیغامِ ہدایت کا درجہ رکھتی ہے، جس میں انسان کی فلاح اور دنیا و آخرت کی کام یابی کے لیے مکمل ضابطۂ حیات موجود ہے۔ 

اللہ تعالیٰ نے خود قرآنِ کریم کی حفاظت کی ذمّے داری لی ہے، اس لیے یہ دنیا کی واحد کتاب ہے، جو ہر طرح کی تحریف سے محفوظ ہے اور اس کا متن آج بھی دنیا بھر میں ایک جیسا ہے۔ سورئہ حجر کی آیت 9میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔

ترجمہ:’’یقیناً ہم نے ہی اس ذکر (قرآن) کو نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔‘‘ بلاشبہ، قرآنِ مجید ہر قسم کی تبدیلی، کمی بیشی، اور تحریف سے محفوظ ہے۔ چاہے یہ دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں چَھپ جائے، اس کا متن ہر جگہ ایک جیسا رہتا ہے۔

اس حوالے سےمدینہ منورہ میںقائم ’’شاہ فہد کمپلیکس برائے طباعتِ قرآنِ کریم‘‘ ایک عظیم ترین طباعتی و اشاعتی ادارہ ہے، جو دنیا بھر کے مسلمانوں، خصوصاً غیر مسلموں کوخالقِ کائنات کا آفاقی پیغام پہنچانے کی غرض سے قرآنِ کریم کے نسخہ جات، عربی اور دیگر زبانوں میں شائع کرتا ہے۔

یہ کمپلیکس 6صفر 1405ھ بہ مطابق1984ء شاہ فہد بن عبدالعزیز کے نام پر قائم کیا گیا۔ یہ ایک عظیم تعمیراتی شاہ کار ہے، جس میں طباعت، تحقیق اور انتظامی امورکی انجام دہی کی سہولت کے ساتھ ایک جامع مسجد، جدید چھاپہ خانہ، گودام، کتب خانہ، طبّی کلینک اور دیگر معاون عمارات بھی شامل ہیں۔ ادارے کے تحت ہر سال قرآنِ کریم اور اس کے مختلف زبانوں میں تراجم پر مشتمل لاکھوں نسخے تیار کر کے دنیا بھر میں پہنچائے جاتے ہیں۔

یہاں کے علماء اور دانش وَروں نے اب تک50سے زائد زبانوں میں قرآنِ کریم کا ترجمہ مکمل کرلیا ہے، جن میں اردو،بنگالی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، یونانی، حوثی، ملیالی، فارسی، تکالوگی اور ترکی زبانیں قابل ِذکر ہیں۔ کمپلیکس میں تیار شدہ قرآنِ کریم کے لاکھوں نسخے دنیا بھر میں مفت تقسیم اور اکثر حجاجِ کرام کو سعودی عرب سے واپسی پر بطور تحفہ فراہم کیے جاتے ہیں۔ 

واضح رہے، کمپلیکس میں نصب جدید ترین پرنٹنگ پریس، قرآنِ کریم کے نسخے، اس کے اجزاء (سیپارے)، تلاوتی ریکارڈنگز اور متعدد زبانوں میں تراجم کے لاکھوں نسخے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہاں علومِ قرآنی، تراجم اور ڈیجیٹل تحقیق و ترقی کے مراکز بھی قائم ہیں، جو قرآنی متن کی صحت و درستی کو یقینی بناتے ہیں، جب کہ کمپلیکس کے انتظام، دیکھ بھال، مارکیٹنگ اور ترسیل کے لیے علیحدہ عمارتیں بھی موجود ہیں۔

2لاکھ پچاس ہزار مربع میٹرکےوسیع و عریض رقبے پر محیط شاہ فہد قرآن کمپلیکس میں معروف علمائے کرام، ماہرینِ تعلیم اور تیکنیکی ماہرین خدمات انجام دیتے ہیں، جو قرآنِ کریم کی طباعت و اشاعت کے دوران خطّاطی اور صفحات کی ترتیب میں نہایت سخت معیارِ جانچ کو یقینی بناتے ہیں۔ 

یہ کمپلیکس دنیا میں قرآنِ کریم کی طباعت، تحقیق اور اشاعت کا ایک ہمہ جہت مرکز ہے، جو سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی نگرانی میں کام کرتا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی دینی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ ادارے کے تحت سالانہ تقریباً ایک کروڑ قرآنی نسخہ جات تیارکیے جاتے ہیں۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق شاہ فہد قرآن کمپلیکس اپنے قیام سے اب تک قرآنِ کریم کے 128ملین سے زائد نسخے شائع کرچکا ہے، جو اسلام کے تمام مسالک میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں، جب کہ قرآنِ کریم کا اصل نسخہ مشہور سعودی خطاط عثمان طہٰ کے قلم سے تحریر کیا گیا، جو سعودی عرب میں قرآنِ مجید کے ایک ممتاز ماہر خطاط اور عربی زبان میں کتابتِ قرآن کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

شاہ فہد قرآن کمپلیکس، قرآنِ کریم کے اغلاط سے پاک ، معیاری اور مستند نسخوں کی تیاری پر توجّہ مرکوز رکھتا ہے۔ اس کے بنیادی فرائض میں قرآنِ کریم و دیگر دینی مطبوعات کی طباعت، ترجمہ اور ڈیجیٹل اشاعت شامل ہیں، جو قرآنِ کریم کی تقدیس، صحت اور عام فہم رسائی کو نمایاں کرتے ہیں۔ کمپلیکس کی علمی کمیٹی قرآنِ کریم کی اعلیٰ ترین صحت اور توثیق کے لیے ہر نسخے کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیتی ہے تاکہ خطّاطی، اعراب، علامات اور صفحات میں کسی بھی قسم کی غلطی کا احتمال نہ ہو۔

اس مقصد کے لیےیہاں اعلیٰ معیارات کی پابندی کرتے ہوئے مصحفِ مدینہ استعمال کیا جاتا ہے، جو اپنی اعلیٰ اور معیاری خطّاطی کے باعث دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔نیز،بصارت اور قوتِ گویائی سے محروم افراد کے لیے بھی قرآنِ کریم کے خصوصی نسخے تیار کیے جاتے ہیں، جن میں نابینا افراد کے لیے بریل ایڈیشن اور اشاروں کی زبان میں تراجم شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، کلام الٰہی کے تحفّظ کی غرض سےقرآنِ کریم کا متن، اس کی اصل عربی شکل میں محفوظ رکھنے پر خصوصی توجّہ دی جاتی ہے اور اس عمل میں رسمِ عثمانی کے تحفّظ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

یاد رہے، ڈیجیٹل تحقیقی مرکز میں قرآنِ کریم کے برقی نسخے بھی دست یاب ہیں، تاکہ جدید مواصلاتی ذرائع مثلاًموبائل ایپس، ویب سائٹس، آڈیوز، وڈیوز کے ذریعے بھی قرآنِ کریم تک مستند رسائی ممکن ہوسکے۔ اعداد وشمار کے مطابق ادارے کے قیام سے اب تک127,420,423قرآنِ کریم، 1,817,129آڈیو کیسٹس، 24,624,813تراجم، 47,592,277قرآنِ مجید کے اجزاء (سیپارے)، 210,000 احادیثِ نبویؐ کی کتب 4,668,941اوردیگردینی واسلامی مطبوعات شائع کی جاچکی ہیں۔ یوں شاہ فہدقرآن کمپلیکس کی مطبوعات کی کُل تعداد 206,333,583 تک پہنچ چکی ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید