• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، آفریدی ملاقات، عمران کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعلیٰ KP

اسلام آباد (رانا غلام قادر) وفاقی حکومت اور خیبر پختونخواہ حکومت کے در میان ورکنگ ریلیشن شپ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون ناگزیر ہے، خیبرپختونخوا حکومت انسدد ہشت گردی کیلئے اپنے ادارے مضبوط کرے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بتایا کہ ملاقات میں عمران خان سے متعلق کوئی بات ہوئی نہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے کوئی مطالبہ کیا، وزیراعظم سےآج کی ملاقات بطور وزیراعلیٰ میرے عہدے کا تقاضا تھا، بطور سیاسی ورکرشاید میں نہ بیٹھتا، دہشت گردی کے حوالے سے ایک اور خصوصی ملاقات ہوگی، علاوہ ازیں وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر اجے بنگانے ملاقات میں کہا کہ حکومت پائیداراقتصادی استحکام کے حصول کیلئے جامع ، کثیرالجہتی اصلاحاتی پروگرام پر تندہی سے عمل پیرا ہے،وزیراعظم سے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں ثقافتی ورثے کے 6 مقامات کے تحفظ کے بارےمیں تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امن وامان کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔ وزیرِ اعظم نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پی ایم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی بلکہ دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو ہوئی جبکہ ابھی ایک دو ملاقاتیں مزید ہونگی۔

اہم خبریں سے مزید