وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بسنت کے موقع پر عوام کی مفت آمد و رفت کے لیے 419 بسیں تینوں دن میسر ہوں گی، بائیک کی بجائے ہر روٹ پر مفت ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور میں 25 سال بعد 3 روزہ بسنت میلے کا انعقاد کیا گیا ہے، آج لاہور میں پتنگیں نہیں خوشیاں اُڑ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زندہ دلانِ لاہور کا شکریہ، بسنت کی خوشیاں منائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے جبکہ بائیک اور موٹر سائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو میٹرو بس، فیڈر بسیں، گرین بسیں بھی فری ٹریول کی سہولت مہیا کریں گی جبکہ آئن لائن نجی کمپنی کے رکشوں پر بھی رائیڈ فری ہو گی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ دکاندار بھائی بچوں کو ڈور اور پتنگیں مہنگی نہ بیچیں، خوشی کے ہر لمحے میں اپنے ارد گرد کے لوگوں کو بھی شریک کریں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا، کھلی چھت پر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔