کراچی(اسٹا ف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع گلبرگ کامران سراج، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، وائس چیئرمین محمد الیاس، چیئرمین یوسی 5 عارف منیر کے ہمراہ ٹی ایم سی گلبرگ کے تحت لال قلعہ پارک فیڈرل بی ایریا بلاک 8 عزیز آبادمیں 3 روزہ فلاور شو کا افتتاح کردیا،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ان کا حق دلانے، بااختیار شہری حکومت کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور ہفتہ 14فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دے گی، شہر کے حق پر کسی کو بھی ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، جن لوگوں نے شہریوں سے جینے کا حق چھینا ہے ان کا تعاقب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں جس طرح تعمیر و ترقی کے کام ہورہے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، صوبائی حکومت اختیارات اور وسائل دینے کے لیے بھی تیار نہیں ہے، کراچی دنیا کے بڑے شہروں میں شمار ہوتاہے لیکن کراچی کو جان بوجھ کو نظر انداز کیا گیا ہے، حکمران عوام کو پانی،بجلی، سڑکوں سمیت دیگر سہولتیں نہیں دے رہے، کریم آباد انڈر پاس، ریڈ لائن نا مکمل منصوبے پیپلز پارٹی کی بد ترین نااہلی، کرپشن کا شاہکار ہے، کامران سراج نے کہا کہ الحمدللہ آج ایک اور وعدے کی تکمیل کرکے لال قلعہ پارک بحال کیا گیا ہے، نصرت اللہ نے اہالیان محلہ عزیز آباد کو پارک کی بحالی پر مبارکباد پیش کی ۔