• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

38 ارب کا رمضان پیکیج، 13 ہزار روپے فی خاندان، ایک کروڑ 21 لاکھ فیملیز فائدہ اٹھائیں گی، وزیراعظم

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مستحق سفید پوشوں کو شفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جائیں گی، اس میں کوئی سیاسی تفریق نہیں ، میں نے اس نظام کو وضع کرنے کیلئے خود نگرانی کی، مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا گیا کیونکہ کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کئی مشکلات تھیں، ماضی کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا جب یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ناقص اشیائے خورد و نوش کےلئے مستحقین کو عزت نفس کی قربانی دے کر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، اس میں کرپشن بھی ہوتی تھی۔ انہوں نے یہ اعلان ہفتہ کے روز وزیر اعظم رمضان پیکج 2026 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے بٹن دبا کر رمضان پیکج کے تحت ادائیگیوں کے پروگرام کا اجرا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ ،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ،معاون خصوصی ہارون اختر خان، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نہ صرف بدنی عبادات بلکہ رزق حلال سے وسائل کو تقسیم کرنے کا مہینہ بھی ہے۔

اہم خبریں سے مزید