• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کا مسئلہ، وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی حوصلہ افزا ہے، BUJ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے رہنماوں نے کہا ہے کہ حق دو تحریک کے رکن بلوچستان اسمبلی و صوبائی امیر جماعت اسلامی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی جانب سے اخبارات کو جاری اشتہارات اور اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدن کے مقابلے میں ان اداروں سے وابستہ صحافیوں اور ورکرز کی کم اجرت کے معاملے کو اسمبلی فلور پر اٹھانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے میڈیا ورکرز کی کم تنخواہوں کے مسئلے کو حل کرنے کا اسمبلی فلور پر جواب اطمینان بخش اور حوصلہ افزا ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بی یو جے میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے کوشاں ہے اور بلوچستان میں اخبارات کی جانب سے ورکرز کی کم اجرت، تاخیر سے تنخواہوں کی ادائیگی پر ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے۔ مولانا ہدایت الرحمن کے اس معاملے کو بلوچستان اسمبلی کے فلور پر اٹھانے سے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حق تلفی کا سلسلہ ختم ہونے کی امید جاگ اٹھی ہے۔ جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جس طرح میڈیا ورکرز کے مالی مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے وہ بھی لائق تحسین اور حوصلہ افزا ہے۔ بی یو جے کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ صوبے میں اخباری ورکرز اور صحافیوں کا جاری معاشی استحصال ختم اور اخبارات کو میڈیا ورکرز کو قواعد و ضوابط کے مطابق تنخواہیں ادا کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید