• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بروک کی سنچری، انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرادیا

فوٹو بشکریہ پی سی بی/ ایکس
فوٹو بشکریہ پی سی بی/ ایکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

پالیکیلے میں کھیلے جارہے سپر ایٹ میں گروپ 2 کے اس اہم میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 164 کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔ 

پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے محتاط انداز میں آغاز کیا، تاہم پہلی وکٹ 14 رنز پر گر گئی جہاں صائم ایوب 7 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

اسی طرح کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ نہ کھیل سکے، وہ 5 رنز بنانے کے بعد لیام ڈاسن کی گیند پر 27 کے مجموعے پر کیچ دے بیٹھے۔ 

صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 73 رنز تک پہنچایا جہاں بابر اعظم اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اس کے بعد آنے والے بلے باز فخر زمان نے فرحان کے ساتھ رنز بنانے کی اسپیڈ بڑھائی اور اس دوران صاحبزادہ فرحان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم 122 کے مجموعے پر فرحان اوورٹن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے، انہوں نے 16 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں عادل رشید نے کیچ آؤٹ کروایا۔ 

پاکستان کی چٹھی اور ساتویں وکٹ 146 کے مجموعے پر جبکہ آٹھویں وکٹ 149 پر گری جہاں بالترتیب عثمان خان (8)، محمد نواز (0) اور شاہین آفریدی (2) آؤٹ ہوئے۔ 

اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا ٹوٹل 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز تک پہنچایا۔  

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔ 

انگلینڈ کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی تین بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے، اور تینوں فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل کو 35 کے مجموعے تک شاہین آفریدی نے پویلین لوٹا دیا۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے میچ کی اسکرپٹ اپنی سنچری سے لکھ ڈالی۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹ لیا۔ 

انگلینڈ نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

ہیری بروک کے دوسرے سب زیادہ رنز بنانے والے انگلش کھلاڑی ول جیکس تھے، انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں لیں، عثمان طارق اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کو فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

پلیئنگ الیونز:

میچ کےلیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں فہیم اشرف کی جگہ پر شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

پاکستان ٹیم کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحام، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاداب خان، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور عثمان خان اور عثمان طارق پر مشتمل تھی۔ 

انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، انگلش ٹیم میں کپتان ہیری بروک، فل سالٹ، جوز بٹلر، جیکب بیتھیل، ٹام بیٹن، ہیری بروک، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل تھے۔ 

سپر ایٹ کے گزشتہ میچز:

سپر ایٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

دوسری جانب انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دے دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو ایک ایک میچز کے بعد قومی ٹیم کا صرف ایک پوائنٹ ہے جبکہ انگلینڈ کے ناصرف 2 پوائنٹس پر بلکہ اس کا رن ریٹ بھی مثبت 2 اعشاریہ 55 ہے۔

میچز جیو سوپر پر برہِ راست:

علم میں رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائیکو پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید