وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے پاک قطر برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا، اس موقع پر امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماوں نے کثیر الجہتی فورمز کے اندر قریبی تعاون کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوران ملاقات امیر قطر نے وزیراعظم کی پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے، وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورہ مکمل کرکےدوحہ سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔