امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں علم ہے کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بعد ایران میں کون احکامات جاری کر رہا ہے۔
امریکی ٹی وی کو ٹیلے فون پر انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ایران میں اب کون ہے جو مؤثر انداز سے احکامات جاری کررہا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے ان ایرانی رہنما کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
اس سوال پر کہ آیا ایران میں اب جو شخص احکامات جاری کررہا ہے وہ ایسا شخص ہے جسے وہ ایران کی قیادت کرتا دیکھنا چاہتے ہیں جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہاں میرے خیال میں ایسا ہی ہے، کچھ اچھے امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے ہیں۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔