• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: محمود میاں نجمی

صفحات: 360، قیمت: 800 روپے

ناشر: امتُل البشیر ایجوکیشنل سوسائٹی، اے-445، بلاک این، نارتھ ناظم آباد، کراچی۔

فون نمبر: 8275126 - 0315

یہ کتاب پہلی بار 2021ء میں شایع ہوئی تھی اور اب اِس کا دوسرا ایڈیشن ہمارے پیشِ نظر ہے۔کتاب میں شامل مضامین روزنامہ جنگ کے’’سنڈے میگزین‘‘ میں قسط وار شائع ہوتے رہے، جنہیں بعدازاں کتابی شکل دی گئی۔ اِس ضمن میں فاضل مصنّف کا کہنا ہے کہ’’کوشش تو یہی کی ہے کہ ضعیف اور اختلافی امور سے پہلو تہی کرتے ہوئے صرف وہ واقعات ہی قلم بند کیے جائیں، جو نہایت معتبر اور مستند حوالہ جات کے ساتھ ہیں۔

اس کے باوجود، آپ سے التماس ہے کہ کتاب کو عشقِ مصطفیٰﷺ میں ڈوب کر پڑھیے گا، اسے نہ تو علمیت کے ترازو میں تولیے گا اور نہ تنقید و تنقیص کی کسوٹی پر پرکھیے گا۔‘‘ اِسے نبی کریمﷺ کی مکّی اور مدنی حیاتِ مبارکہ کی نسبت سے دو حصّوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے حصّے میں رحمۃ للعالمینﷺ کی ولادتِ باسعادت سے مدینہ منوّرہ ہجرت کرنے تک کے واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اِس ضمن میں’’عہدِ ابراہیمیؑ سے ظہورِ قدسی تک‘‘ کے عنوان سے سرزمینِ عرب، وہاں کے قبائل اور آپﷺ کے خاندان سے متعلق بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ 

دوسرا حصّہ مدنی دَور سے متعلق ہے، جس میں اسلامی ریاست کی تشکیل، غزوات، معاہدات اور آپﷺ کی حیاتِ طیبہ کے دیگر واقعات قلم بند کیے گئے ہیں۔ اِس طرح کی کتب کی ایک اہمیت یہ بھی ہے کہ جو افراد سیرتِ طیبہؐ پر تحریر کردہ تفصیلی یا ضخیم کتب کا مطالعہ نہ کرپائیں، وہ اِن سے بھرپور طور پر استفادہ کرسکتے ہیں۔