ایرانی پاسداران انقلاب نے ایران کی ایندھن تنصیبات پر امریکی اسرائیلی حملے نہ رُکنے کی صورت میں تیل کی قیمتیں 2 سو ڈالر فی بیرل تک پہنچنے سے خبردار کر دیا۔
ترجمان خاتم الانبیاء فورس ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ مسلم ممالک امریکا اسرائیل کے انسانیت کے خلاف بزدلانہ حملے رکوائیں ورنہ ہم بھی خطے میں ایسی ہی کارروائیاں کریں گے اور اگر تیل کی قیمت دو سو ڈالر فی بیرل برداشت کر سکتے ہیں تو امریکا اسرائیل کو یہ کھیل کھیلنے دیں۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 30 فیصد کا بڑا اضافہ ہوگیا۔
دوران کاروبار برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچی، تیل کی قیمتوں میں کمی کےلیے جی 7 ممالک متحرک ہوگئے۔
خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے معیشتوں پر منفی اثرات کا خوف بڑھ گیا ہے۔
جنگ کے پھیلنے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ 2022 کے وسط کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ بعض بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے رسد کم کر دی ہے جبکہ جنگ کے باعث بحری جہاز رانی میں طویل رکاوٹوں کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے۔